طوفان ہاروے کی تباہی،قطر کا امریکا کو تین کروڑڈالر امداد دینے کا اعلان

0
74

قطر نے امریکی ریاست ٹیکساس میں آنے والے طوفان ہاروے کے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے 3 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ ہاروے متاثرین کو دی جانے والی سب سے بڑی غیر ملکی امداد ہے۔خیال رہے کہ قطر سے قبل متحدہ عرب امارات نے ہاروے متاثرین کی امداد کے لیے ایک کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا، جو حالیہ عرب تنازع میں قطر کا حریف ملک ہے۔

یاد رہے کہ دونوں عرب ریاستوں نے ہاروے کے متاترین کی امداد کا اعلان ایسے موقع پر کیا ہے جب کویت کے رہنما قطر تنازع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر امریکی حکام سے بات چیت کے لیے واشنگٹن میں موجود ہیں۔امریکا میں قطر کے سفیر مشعال بن حماد الثانی نے قطر ہاروے فنڈ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکساس گورنر گریگ ایبٹ، مقامی آرگنائزیشنز اور دیگر ٹیکساس حکام، جن میں ہوسٹن کے میئر بھی شامل ہیں، کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔مذکورہ فنڈ طوفان سے متاثرہ کمیونیٹیز کی بحالی کے لیے استعمال ہوں گے۔قطر کے سفیر نے جاری بیان میں کہا کہ ٹیکساس کے لوگ کسی بھی طوفان سے طاقت ور ہیں اور بڑے اور بہتر طریقے سے واپس آئیں گے، اور قطر ہر موقع پر اپنے دوستوں کی مدد کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے گیس سے مالا مال ملک کے ٹیکساس سے تعلقات پر زور دیا، جس میں ہوسٹن میں قائم سفارت خانہ بھی شامل ہے۔قطر کے مذکورہ اعلان پر گورنر ایبٹ کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے طوفان سے متاثرہ ٹیکساس کے لوگوں کی امداد کے اعلان پر وہ حیران اور شکر گزار ہیں۔واضح رہے کہ قطر اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ دیگر ممالک نے بھی ٹیکساس کے لیے امداد کا اعلان کیا تاہم اس کی مقدار کم ہے۔